دنیا کے مسائل کا حل اسوہ محمدیؐ میں پوشیدہ ہے،دردانہ صدیقی

115

کراچی(نمائندہ جسارت) محسن کائنات حضرت محمد مصطفٰے صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کے لیے جو دستور زندگی دیا اس کی ایک ایک شق کو عملاً نافذ کرکے دکھایا حتیٰ کہ یہ اعلان کر دیا گیا کہ جو کوئی اس دستور کا عملی نمونہ دیکھنا چاہے وہ پیارے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت دیکھ لے۔دنیا کے تمام مسائل کا حل اسوہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے 12ربیع الاول کے موقع پر
اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری دنیا بالخصوص عالم اسلام جن حالات سے گزر رہا ہے،انسانی آبادی ساری ترقیوں اور سہولتوں کے باوجود جن خطرات سے گھری ہوئی ہے اور جس سفاکی سے انسانی خون پانی کی طرح بہایا جا رہا ہے، مصر ،عراق، ایران، افغانستان، شام، برما، فلسطین اور کشمیر میں ظلم وجبر کا جو بازار گرم ہے اس کا علاج اگر کہیں ہے تو اسی پیغام محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کے دستور حیات میں موجود ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اہل ایمان اپنے آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی ناموس پر ہر چیز کو قربان کرنا اپنی زندگی کا حاصل سمجھتے ہیں۔ دشمنان دین ناموس رسالت پر حملہ کرنے کی ناپاک جسارت بار بار کرتے ہیں لہٰذا یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ان مذموم اقدامات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، مگر اس کے ساتھ ہمیں ایسا ٹھوس اور مستقل لائحہ عمل اختیار کرنے کی بھی ضرورت ہے جس سے امت مسلمہ اس کمزوری کی حالت سے نکلے اور کوئی بھی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی جرأت نہ کر سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت مسلمان اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے امتی ہونے کے ہمیں پیغام محمدی صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنا مشن بنانا ہوگا۔دردانہ صدیقی نے کہا کہ امت مسلمہ کو اسلام کا سفیر بن کر اسوہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنی عملی زندگی کا نمونہ بنا کر دوسروں تک اسلام کا پیغام پہنچانے کی پوری کوشش کرنی ہوگی تب ہی ہم بہترین امت کہلانے کے حقدار ہوں گے اور تب ہی ہم ساری دنیا سے دہشت گردی، انتہا پسندی اور ظلم و جبر کا خاتمہ کرنے کی پوزیشن میں آئیں گے۔