نظام مصطفی ؐکے لیے جدوجہدعشق مصطفی ؐکا تقاضا ہے ، حسین محنتی

111

کراچی(نمائندہ جسارت)جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ عشق مصطفیؐ کا تقاضا ہے کہ کہ نظام مصطفی ؐکے نفاذ کے لیے جدوجہد تیز کی جائے، آج کی سسکتی اوربھٹکی ہوئی انسانیت کو چین وسکون اور اپنا کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کے لیے زندگی کے ہر دائرے میں سیرت رسولؐ پر عمل کرنا ہوگا۔ عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جاری
ایک پیغام میں صوبائی امیر نے مزید کہا کہ رسول اللہ سے محبت، ایمان کی تکمیل اور جنت کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ آپؐ کی سنتوں پر عمل کیا جائے۔ آج جو دنیا میں فساد، مہنگائی ،بے روزگاری اور دشمن کی یلغار ہے اس کی واحد وجہ دین سے دوری اور سنت رسولؐ پر عمل نہ کرنا ہے۔ جس کی وجہ سے فرانس کے صدر سمیت دیگر غیروں و اسلام دشمن لوگوں کو اسلام و شعائر کے خلاف ہرزہ سرائی کا موقع ملتا ہے۔ نظام مصطفیؐ کا نفاذ اور سنت رسولؐ پر مکمل عمل کیا جائے تو کسی کو بھی ایسی حرکت کی جرأت نہیں ہوگی۔ امت مسلمہ کو آپس میں اتحاد و یکجہتی اور عہد کرنا چاہیے کہ وہ خون کے آخری قطرے تک نظام مصطفیؐ کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ اسی میں ہی پوری انسانیت کی کامیابی ہے کیونکہ نبی مہربانؐ نہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری انسانیت کے لیے رحمۃ اللعالمین بن کر تشریف لائے تھے۔