حیدر آباد ، واسا ملازمین کا تنخواہ اور پینشن کی عدم ادائیگی پر احتجاج

268

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین کی جانب سے واسا ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن ودیگر واجبات کی عدم ادائیگی اور ورک چارج ملازمین وکنٹرکٹ ملازمین کو سینیارٹی کی بنیاد پر مستقل نہ کرنے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے یونین کے چیف آرگنائزر اعجاز حسین، بلاول ملاح، عبدالحمید، نیاز حسین چانڈیو، رحیم کھوسو، قاضی نسیم نے کہا کہ واسا ملازمین حیدر آباد کے نکاسی وفراہمی آب کے نظام کو رواں رکھنے میں اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے باوجود عرصہ دراز سے ماہانہ تنخواہوں، پنشن سے محروم ہیں جو کہ حکومت سندھ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے اور اب بھی ملازمین کے مسائل کو حل نہیں کیا گیا تو مزدور انتہائی اقدام پر مجبور ہوں گے۔ آخر میں مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی نے کہا کہ ایچ ڈی اے انتظامیہ شعبہ واسا کے مالی مسائل حل کرنے کی طرف توجہ نہیں دے رہی، جس کی وجہ سے اس شعبہ کے ملازمین بھوک وافلاس کا شکار ہیں جبکہ سندھ حکومت بھی اس ظلم وستم میں برابر کی شریک ہے، جس کی وجہ سے واسا کے ملازمین احتجاج پر مجبور ہیں، اس پر بھی انتظامیہ اور حکومت سندھ ان کے مسائل حل نہیں کرتی۔ انہوں نے میلاد النبیﷺ کی حرمت کے پیش نظر ہڑتال مؤخر کرتے ہوئے کہا کہ اگر 9 نومبر تک ملازمین کی تمام تنخواہیں، پنشن و دیگر ادائیگی نہیں کی تو 10 نومبر کو احتجاج تحریک شروع کی جائے۔