فرانس کا بائیکاٹ کرکے سفیر کو ملک بدر کیا جائے، حسن ملاح

535

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں عظیم الشان جلسے کا انعقاد۔ ٹھٹھہ شہر کے شیخ فرید چوک کے نزدیک گائوں سائیں ڈنو عرف نانا گندرو میں عیدو گندرو کی جانب سے میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں عظیم الشان جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں پگارا سید اسماعیل شاہ شیرازی، سید سکندر شاہ شیرازی، ملاح رہنما ڈاڈا آدم گندرو، محمد خان ملاح، مشتاق ملاح، حاجی شفیع، ایوب ملاح سمیت بڑی تعداد میں عاشقان رسولﷺ نے شرکت کی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولوی محمد یامین جماری، مولوی محمد حسن ملاح نعیمی، مولوی حبیب اللہ ہنگورجو، حافظ شعیب احمد، عبدالواحد نعیمی اور دیگر نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کہا کہ ہمیں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی کہی ہوئی باتوں پر عمل کرنا چاہیے، جو ہمیں سیدھے راستے پر لے جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ حضورﷺ کی شان میں گستاخی بالکل برداشت نہیں کی جائے گی۔ فرانس کے صدر نے جو حرکت کی ہے، پوری دنیا کے مسلمان اسے معاف نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی تمام چیزوں کا بائیکاٹ کرکے فرانس کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے۔ اس کے بعد نعت خواں کریم بخش اور دیدار حسین نے حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نعتیں پڑھیں، دعائے خیر کی گئی اور نیاز کا اہتمام بھی کیا گیا۔