میلاد النبیﷺ پر فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے، مسعود بنگش

400

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاول جشن میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر تمام پروگراموں کی سیکورٹی عمل کو ترتیب کردہ پلان کے عین مطابق یقینی بنایا جائے گا، جس کے لیے پولیس افسران و اہلکاروں کو خاص ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال اور درپیش چیلنجز کو سامنے رکھتے ہوئے ڈی آئی بی سمیت قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں و انٹیلی جنس ایجنسیوں سے مربوط روابط پر مشتمل کنٹی جنسی پلان کی روح پر سختی سے عمل کیا جائے تاکہ ضلع بھر میں سیکورٹی صورتحال کو مزید مستحکم بناتے ہوئے شہریوں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اشتعال انگیز تقاریر اور دل آزار وال چاکنگ کی روک تھام سمیت لائوڈ اسپیکر ایکٹ پر بھی بھرپور عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس خصوصی دن کی مناسبت سے نعتیہ محافل، واعظ، درس اور بیان کا اہتمام ہو تو تھانہ جات کے لحاظ سے سیکورٹی اقدامات کو فول پروف بنایا جائے گا۔ ٹریفک سارجنٹس کی جانب سے شہریوں کو کسی بھی دقت و پریشانی سے بچانے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان تیار کیا گیا ہے، تمام جلوسوں کی نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کنٹرول روم کو تحرک میں لاکر لمحہ بہ لمحہ رپورٹ پیش کی جائے گی۔