پاک زمبابوے ون ڈے سیریز کا آغاز آج قومی ٹیم کا اعلان کردیا گیا

459

راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ون ڈے راولپنڈی میں دوپہر 12بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز کیلیے15رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔قومی ٹیم کے 15رکنی اسکواڈ میں بابر اعظم، امام الحق، عابد علی، فخر زمان، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عماد وسیم، عثمان قادر، وہاب ریاض، شاہین آفریدی، حارث رئوف اور موسی خان بھی شامل ہیں۔پہلے ون ڈے میچ کے حوالے سے دونوں ٹیموں کی بھرپور پریکٹس جاری ہے۔پاکستان ٹیم کے نائب کپتان اور اسپنر شاداب خان انجری کے باعث پہلا میچ نہیں کھیلیں گے۔پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرا ون ڈے یکم نومبر اور تیسرا ون ڈے3نومبر کو راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 59ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے 52میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔دوسری جانب راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہاکہ زمبابوے کے تجربہ کارکھلاڑی ہیں اور ہم نے ان کے خلاف اچھی پلاننگ کی ہے، لڑکوں کو یہی پیغام دیا ہے کہ جو آپ کی صلاحیت ہے اس ہی کے مطابق کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ کپتانی ملنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، کوشش ہے اس کو بہتر بناں، میں ہر میچ سے پہلے خود پر اعتماد رکھتا ہوں اور پلاننگ کے مطابق کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں۔قومی کپتان کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں شائقین کی غیر موجودگی واقعی یاد آتی ہے، نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں بھی شائقین کو بہت یاد کیا تھا۔پریس کانفرنس میں کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ یہ ٹیم پہلے ایک روزہ میچ کے لیے ہے، بطور کپتان پہلی ون ڈے سیریز جیتنا چاہتا ہوں جب کہ زمبابوے کو آسان حریف نہیں سمجھ رہے۔خیال رہے کہ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی سیریزکیلیے راولپنڈی میں موجود ہے۔ راولپنڈی میں ہی دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 7نومبر، دوسرا ٹی ٹوئنٹی 8نومبر اور تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 10نومبر کو کھیلا جانا تھا تاہم اب یہ میچز راولپنڈی میں ہوں گے۔