پاکستان کا زمبابوے کے خلاف شاندارریکارڈ ہے

553

سید پرویز قیصر
پاکستان اور زمبابوے کے درمیان3 ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کاپہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کے باقی2 میچ بھی اسی میدان پر ہونگے۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین ہونے والا یہ پاکستان میں 20واں اور کل ملاکر60 واں ایک روزہ بین الاقوامی میچ ہوگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین ابھی تک جو 59 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے گئے ہیں اس میں پاکستان نے52 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ زمبابوے نے سرف4 میچ جیتے ہیں ۔ ایک میچ ٹائی رہا ہے جبکہ 2میچ نامکمل رہے ۔
اپنے گھر پرپاکستان نے زمبابوے کے خلاف 19میں سے17 میچ جیتے ہیں۔ زمبابوے نے ایک میچ میں جیت حاصل کی جبکہ ایک میچ نامکمل رہا ۔زمبابوے نے پاکستان کے خلاف آخری کامیابی 27 اگست 2013 کو ہرارے میں حاصل کی تھی جس کے بعد پاکستان نے 13میچ جیتے ہیں اور ایک میچ برابر رہا ہے۔ دونوں کے درمیان جولائی2018 میں جو آخری سیریز زمبابوے میں کھیلی گئی اس میں پاکستان نے5-0 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان کا زمبابوے کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں ایک وکٹ پر399 رنز ہے جو اس نے بلاوایو میں20 جولائی2018 کو بنایا تھا۔ زمبابوے کا پاکستان کے خلاف سب سے زیادہ اسکور50 اوور میں5وکٹ پر334 رنز ہے جو اس نے لاہور میں26 مئی2015 کو بنایا تھا۔
بلاوایو میں18 جولائی2018 کو کھیلے گئے میچ میں زمبابوے کے تمام کھلاڑی25.1 اوور میں67 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تھے جو اس کا پاکستان کے خلاف سب سے کم اسکور ہے۔پاکستان کا زمبابوے کے خلاف سب سے کم اسکور43.3 اوور میں148 رنز ہے جو اس نے ہرارے میں26 فروری 1995 میں بنایا تھا۔
ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں پاکستان کے لئے واحد ڈبل سنچری فخر زمان نے بنائی ہے۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف بلاوایو میں20 جولائی2018 کو 156 گیندوں پر 24 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے آئوٹ ہوئے بغیر 210 رنز بنائے تھے۔ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے بڑا اسکور کرنے کا اعزازایلٹن چگمبورا کے پاس ہے جنہوں نے لاہور میں26 مئی2015 کو95 گیندوں پر10 چوکوں اور4 چھکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کیے تھے۔ یہ انکا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھی سب سے زیادہ اسکور ہے۔
یاسر شاہ نے ہرارے میں یکم اکتوبر 2015 کو کھیلے گئے میچ میں9 اوور میں26 رنز دیکر6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا جو پاکستان کی جانب سے زمبابوے کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کارکردگی ہے۔ زمبابوے کی جانب سے پاکستان کے خلاف سب سے اچھی بولنگ کا ریکارڈ ہیتھ اسٹریک کے پاس ہے جنہوں نے شارجہ میں9 اپریل 1997 میں18 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا تھا۔