پاکستان اسٹاک ،انڈیکس میں 1300 پوائنٹس کی کمی

506

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میںجمعرات کو شدید مندی چھائی رہی جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس41ہزار اور40ہزار کی نفسیاتی حدوں کی حدیں گر گئیں اور انڈیکس 1298.86پوائنٹس کی کمی سے 39888 پوائنٹس کی سطح پر آگیا جب کہ سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ سے سرمایہ نکالنے کو ترجیح دینے کے باعث 87.20فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میںکمی ریکارڈکی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو 2 کھرب 9ارب 64کروڑ51لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑاجب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی بدھ کی نسبت47.05فیصدکم رہا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں جمعرات کو ٹریڈنگ کے آغازسے ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے حصص فروخت کے دبائوکے باعث مندی چھاگئی جس کے نتیجے میں ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس 41ہزار اور40ہزار کی نفسیاتی حدوں سے نیچے گرتے ہوئے39284 پوائنٹس کی نچلی سطح پرآ گیا بعد میں ریکوری آئی اور انڈیکس کی 39800 پوائنٹس کی حد بحال ہوگئی لیکن مندی غالب رہی اور کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 1298.86پوائنٹس کی کمی سے 39888 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای 30 انڈیکس 546.72ائنٹس کی کمی سے 16750.37 پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئر انڈیکس 790.57پوائنٹس کی کمی سے 28185.56 پوائنٹس پربند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 422 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے47کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 368میں کمی اور 7 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔مندی کے سبب مارکیٹ کے سرمائے کا مجموعی حجم 76 کھرب9ارب27کروڑ42لاکھ روپے سے گھٹ کر 73 کھرب 99 ارب 62 کروڑ 91 لاکھ روپے ہوگیا۔قیمتوں میں اتار چڑھائوکے اعتبار سے سیپ ہائر ٹیکس کے حصص کی قیمت 43.13 روپے کے اضافے سے 823.25روپے اور پاک ٹوبیکو42.36روپے کے اضافے سے 1650روپے ہوگئی جب کہ یونی لیور فوڈزکے حصص کی قیمت1ہزارروپے کی کمی سے 12900 روپے اورباٹا پاک111.25روپے کی کمی سے 1588.75 روپے ہوگئی۔