یوم ولادت محمد مصطفیؐ آج منایا جارہا ہے، ملک بھر میں عام تعطیل

445

اسلام آباد/ لاہور (آن لائن/ اے پی پی) نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰ ؐ کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر آج 12 ربیع الاول 1442ھ کو جشن میلادالنبیؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی بھی دی جائے گی، قومی رحمۃ اللعالمینؐ کانفرنس ہوگی، رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ماحولیاتی آلودگی اور ہماری ذمے داریاں سیرت النبیؐ کی روشنی میں‘‘ ہوگا، کانفرنس کے افتتاحی و اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی، صدر مملکت اور وزیراعظم ہوں گے اور ملک بھر سے مذہبی اسکالرز اور اہم سیاسی و سماجی شخصیات شرکت کریں گی، ملک بھر میںجلوس نکالے اور ریلیاں نکالی جائیں گی، اسلام آباد سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ اہلکاروں کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق صبح سے ہی مختلف اداروں میںسیرت النبیؐ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ملک بھر کی مساجد میں علماء کرام، خطیب اور مشائخ عظام جمعۃ المبارک کے خطبات میں ولادت با سعادت حضرت محمد مصطفیٰؐ پر روشنی ڈالیں گے۔ فرزندانِ اسلام کی جانب سے جشن عید میلاد النبیؐکے شایان شان انعقاد کیلیے بھرپور تیاریاں کی گئی ہیں جبکہ ملک بھر میں جلسے جلوسوں اور محافل نعت و درود و سلام کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے، مختلف مقامات پر دودھ کی سبیلیں لگائی جائیں گی، کیک کاٹے جائیں گے اور لنگر تقسیم کیا جائے گا۔ تمام سرکاری و نیم سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا گیا ہے جبکہ گھروں، دفاتر، مساجد، پارکس، تفریحی مقامات، گلیوں، مارکیٹوں، بازاروں اور شاہراہوں کو رنگ برنگے پرچموں، برقی قمقموں، آرائشی محرابوں، خوبصورت پینا فلیکس، بینرز، جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیاء سے سجایا گیا ہے۔