کورونا وائرس: ملیر میں 6 سرکاری تعلیمی ادارے بند

507

کراچی: ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز آنے کی تعداد بڑھنے پر 6 تعلیمی ادارے بند کر دئیے گئے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے حکم پر محکمہ صحت سندھ نے گزشتہ ہفتے ملیر کے سرکاری اسکولوں کے ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے تھے جس کے بعد کراچی کے ضلع ملیر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے پر 6 اسکولوں کو 5 روز کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ایجوکیشن کے مطابق ضلع ملیر کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر (ڈی ای او) نے اسکول بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے اور اسکول کے مالکان اور پرنسپلز کو اسکول بند کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر ملیر کا  کہنا تھا  کہ 6 اسکولوں میں کورونا کے مثبت کیسز کی تعداد بڑھنے کی تصدیق ہوئی ہے اور انتظامیہ اسکولوں میں جراثیم کش اسپرے کروائیں اور متاثرہ افراد سے رابطے میں رہنے والے افراد کو بھی 5 دن کے لیے قرنطینہ کیاجائے۔

اعلامیے کے مطابق  احکامات میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ کلاسز رومز اور دفاتر کو 5 دن کے لئے اسپرے  کرکے بند کردیا جائے اور کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا۔ واضح رہے  بند تعلیمی ادارے یکم نومبر سے دوبارہ کھولے جائیں گے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہناتھا کہ کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند رہے ہیں لیکن اسکول دوبارہ کب بند ہوجائیں کچھ معلوم نہیں۔