آسٹن: کھیل کھیل میں گولی چلنے سے3سالہ بچہ ہلاک، پولیس

339

آسٹن: امریکہ کی ریاست ٹیکساس میں تین سال کے بچے نے اپنی سالگرہ کے موقعے پر خود کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، پولیس  واقعے کی جانچ کر رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز کو ہیوسٹن سے 25 کلومیٹر دور یہ بچہ اپنے والدین اور دوستوں کے ہمراہ سالگرہ منا رہا تھا کہ اچانک گھر والوں کو گولی چلنے کی آواز سنائی گئ۔

مقامی پولیس کے مطابق گولی بچے کے سینے میں لگی اور وہ موقعے پر ہی ہلاک ہو گیا تھا جبکہ پولیس کے مطابق  بچے کو ایک پستول کہیں سے ملا جو کسی رشتہ دار کی جیب سے گرگئی تھی اور کھیل کھیل میں گولی چل گئی۔

دوسری جانب  رواں برس کے شروع ہونے سے لے کر اب تک بچوں کے ہاتھوں سے گولی چلنے کے 229 واقعات پیش آئے ہیں جن کے نتیجے میں اب تک 97 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ  امریکہ میں ایک تہائی لوگوں کے پاس اپنا اسلحہ ہے جسے رکھنے کی امریکی آئین میں اجازت دی گئی ہے۔

واضح رہے ٹیکساس کا شمار ایسی ریاستوں میں ہوتا ہے جہاں اسلحہ رکھنے کی سب سے زیادہ قانونی چھوٹ دی گئی ہے۔