میرپورخاص،ڈائریکٹر ناراکینال کے تبادلے کیخلاف آبادگاروں کا احتجاج

234

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) ڈائریکٹر نارا کینال کے تبادلے کیخلاف ٹیل کے آبادگاروں کا احتجاجی مظاہرہ، میرپور خاص، عمرکوٹ اور تھر پارکر کے بیراجی علاقوں کے ٹیل کے آبادگاروں نے ڈائریکٹر نارا کینال منصور میمن کے تبادلے کیخلاف پروفیسر محمد یوسف راجپوت، میر اعجاز تالپور، احسان جروار، نصیر رمضان، ایاز کھوسو، عبدالعزیز ڈھیرو کی قیادت میں جھڈو سے میرپور خاص پریس کلب تک ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر آبادگار رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دو سال قبل منصور میمن کو سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر ڈائریکٹر نارا کینال کے عہدے پر مقرر کیا گیا تھا، جنہوں نے گزشتہ 35 سال سے ٹیل کے سوکھے ہوئے واٹر کورسوں میں پانی پہنچا کر ان علاقوں کو دوبارہ سے آباد کیا اور اب منصور میمن کا وقت سے پہلے تبادلہ کر کے ٹیل کے علاقوں کو دوبارہ بنجر بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ اسی طرح منصور میمن نے حالیہ بارشوں، سیلابی پانی کی قدرتی آبی گزر گاہوں پر قائم تجاوزات کو ہٹانے کی منصوبہ بندی، پانی چوری کی روک تھام ور نقل مکانی کرنے والے لوگوں کو ٹیل میں دوبارہ آباد ہونے کا موقع فراہم کیا۔ ان کے تبادلے سے نہری نظام اور ٹیل کا علاقہ بنجر ہوجائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منصور میمن کا تبادلہ فوری طور پر منسوخ کیا جائے۔ احتجاجی مظاہرے میں ضلع بار کونسل کے وکلاء ممتاز جروار، میر محمد نوہری، ارباب عنایت اللہ، اربا ب ذوالفقار، سابق ایم پی اے ارباب انور، معشوق علی لغاری اور دیگر نے شرکت کی۔