کمشنر سکھر ڈویژن کی زیرصدارت اجلاس،مختلف اسکیموں کی منظوری

394

سکھر( نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر کی زیرصدارت ڈویژنل اور سائٹ کمیٹی کے ایک اجلاس میں 79 کروڑ 33 لاکھ 81 ہزار روپے کی مجموعی لاگت سے سکھر ڈویژن کی مختلف ایم اینڈ آر اسکیموں کی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں کمشنر سکھر نے مرمتی اسکیموں میں کام کا معیار بہتر بنانے اور پروکیورمنٹ کے سلسلے میں قانون و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور، ڈپٹی کمشنر خیرپور احمد علی قریشی اور ڈپٹی کمشنر گھوٹکی عثمان عبداللہ، چیف انجینئر ہائی ویز ڈویژن سکھر سید کاظم رضا شاہ، ایم ایس جی ایم ایم سی اسپتال سکھر ڈاکٹر تسلیم خمیسانی، پروونشل، ڈسٹرکٹ ہائی ویز، بلڈنگس ، بلدیات اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈویژنل اوورسائٹ کمیٹی کے اجلاس میں سکھر، خیرپور اور گھوٹکی اضلاع کی مختلف روڈز اور سرکاری عمارتوں کی مرمت کے سلسلے میں ایم اینڈ آر اسکیمیں علیحدہ علیحدہ منظوری کیلیے پیش کی گئیں۔ تینوں اضلاع میں رواں مالی سال 21-2020ء کے دوران پروونشل ہائی ویز کی ایم اینڈ آر اسکیموں کیلیے 347154000، پروونشل بلڈنگس مرمتی اسکیموں کیلیے 276119000 روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ ڈسٹرکٹ ہائی ویز ایم اینڈ آر اسکیموں کیلیے 148782000 روپے، ڈسٹرکٹ بلڈنگس کیلیے 21326000 روپے رکھے گئے ہیں۔اسی طرح سکھر ڈویژن کیلیے مجموعی طور پر روڈز اور بلڈنگس کیلیے 793381000 روپے مختص کیے گئے ہیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ڈپٹی کمشنرز اور انجینئرز کو ہدایات دیں کہ مرمتی اسکیموں میں کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے معیار پر کوئی سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی خریداری کے سلسلے میں قوانین و ضوابط پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔ اجلاس میں ڈی سی سکھر رانا عدیل نے بتایا کہ غلام محمد مہر میڈیکل کالج اسپتال سکھر کیلیے 83 ملین مختص ہوئے ہیں، میڈیسن وارڈ، آرتھوپیڈک وارڈ، آئی سی یواور دیگر سخت متاثر عمارتوں پر رقم خرچ کی جائے گی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے ہدایت کی کہ جی ایم ایم سی اسپتال میں 83 ملین کی اسکیم کیلیے کنسلٹنٹ مقرر کیا جائے اس سلسلے میں پیپرا قوانین پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔