غیر معیاری بیج اور جعلی زرعی ادویات کا سدباب کیا جائے

401

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات اور سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ پر تشویش ہے۔ سیاسی تصادم معیشت کو مزید کمزور کر دے گا۔ حکومت کی جانب سے گندم کی امدادی قیمت میں دو سو روپے کا اضافہ خوش آئند ہے جس سے کاشتکاروں کو ریلیف ملے گا، پیداوار میں اضافہ ہو گا جبکہ مصنوعی قلت ختم ہونے سے آٹا سستا ہو جائے گا۔ملک میںفوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کے لئے غیر معیاری بیج اور جعلی زرعی ادویات کا سدباب کیا جائے اور کھاد کی سستے نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ میاں زاہد حسین نے مقامی ہوٹل میں نیشنل بزنس گروپ کی لاچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں مسلسل اضافہ اور مصنوعی بحرانوں سے عوام کے ساتھ کاروباری برادری بھی پریشان ہے جبکہ ڈالر کی قدر میں غیر متوقع اور مسلسل تنزل سے ایکسپورٹرز پریشان ہیں۔انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نقصانات کو عوام اور معیشت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے جبکہ اس نے سب سے بڑا نقصان تعلیمی شعبہ کو پہنچایا ہے جس کے اثرات کئی دہائیوں تک محسوس کئے جائیں گے۔تقریب سے نیشنل بزنس گروپ کے رہنمائوں نے خطاب کیا ۔