قائداعظم ٹرافی پہلا رائونڈ سندھ نے سینٹرل پنجاب کو شکست دے دی

266

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو6 وکٹوں سے ہرادیا۔ سینٹرل پنجاب نے میچ کے آخری روز سندھ کو جیت کے لیے 50 اوورز میں 212 رنز کا ہدف دیا، جو سندھ نے4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔سعود شکیل نے 61 رنز بنائے، اسد شفیق 45 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ اس سے قبل 32 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے عثمان صلاح الدین اور محمد سعد کی 136 رنز کی شراکت کی بدولت اپنی دوسری اننگز میں 243 رنز بنائے۔ عثمان صلاح الدین 75 اور محمد سعد نے 59 رنز بنائے۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 207 رنز پر آٹ ہوگئی تھی، تابش خان نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جواب میں فواد عالم کے 115 رنز کی بدولت سندھ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 239 رنز بنائے تھے۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بلوچستان نے خیبرپختونخوا کو 186 رنز سے ہرادیا۔ 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 226 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ کپتان یاسر شاہ اور کاشف بھٹی نے دوسری اننگز میں 4، 4 وکٹیں حاصل کیں۔ یاسر شاہ نے میچ میں مجموعی طور پر 8 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کے پی کے عادل امین 67 اور کامران غلام 51 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔اس سے قبل بسم اللہ خان کی سنچری اور کاشف بھٹی کے 98 رنز کی مدد سے بلوچستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پہلی اننگز میں 362 رنز بنائے تھے۔