ٹرمپ کی انتخابی مہم ویب سائٹ پر سائبر حملہ

108

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کی ویب سائٹ سائبر حملے کی زد میں آگئی۔ انتخابی مہم کے مواصلاتی نگراں ٹم مورٹو کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ویب سائٹ پر ہونے والے حملے کی تحقیقات جاری ہے۔ سیکورٹی اداروں کی مدد سے ویب سائٹ کی سروس بحال کردی گئی ہے،جب کہ سائبر حملے میں حساس معلومات محفوظ رہیں۔ دوسری جانب امریکی ’سائبر سیکورٹی اینڈ انفرا اسٹرکچر سیکورٹی ایجنسی‘ کے ڈائریکٹر کرس کربس کا کہنا تھا کہ ویب سائٹ پر حملہ ملک میں افرا تفری پھیلانے کے لیے کیا گیا،تاکہ شہریوں میں سنسنی پھیلے اور انتخابات متنازع بن کررہ جائیں۔سائبر حملہ کرنے والے افراد ووٹنگ کے عمل کو نقصان پہنچاکر شہریوں کے اعتماد میں کمی لانا چاہتے ہیں۔دوسری جانب امریکا میں 3نومبر کے قریب آنے پر انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے اور سیاسی حریفوں کی جانب سے بیان بازی بھی کہیں تیز ہوگئی ہے۔ ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے اپنے ایک بیان میں صدرٹرمپ کو نوسرباز قرار دیا۔ حکمراں جماعت کی حامی سمجھی جانے والی ریاست جارجیا میں خطاب کرتے ہوئے ڈیموکریٹک امیدوار جو بائیڈن نے طنزکیا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وبا کو بڑی قابلیت سے سنبھالا۔ ادھر ریاست مشی گن میں خطاب کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جیت کر معیشت کو بحال کر دیں گے اور اگر بائیڈن جیت گئے تو امریکی معیشت کا کوئی پرسان حال نہیں رہے گا۔ واضح رہے کہ امریکا میں ابتدائی ووٹنگ جاری ہے اور اب تک تقریباً 7 کروڑ شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کرچکے ہیں۔