امریکی کانگریس میں اسرائیل کو خطرناک ترین بم دینے کی مہم

279

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی کانگریس کے ارکان نے اسرائیل کو امریکی ہتھیاروں میں موجود سب سے خطرناک اور بڑے بم ’’بنکر بسٹر‘‘ کی فراہمی کے لیے راہ ہموار کرنا شروع کر دی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی سینیٹرز نے سینٹ میں ایک نیا بل پیش کیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت اسرائیل کو سب سے بڑے اور غیر جوہری مگر خطرناک بم کی فراہمی پر عمل کرے۔ حال ہی میں اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل 7 کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ اس بل پر جمعہ کے روز غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب کویت نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک بار پھر فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے مظالم، فلسطین میں یہودی آبادکاری، توسیع پسندی اور فلسطینی علاقوں پرغاصبانہ قبضے کے اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق سلامتی کونسل میں کویت کے مندوب منصور العتیبی نے کہا کہ اسرائیلی ریاست کا فلسطینیوں کے خلاف مظالم کا سلسلہ اور غرب اردن میں فلسطینی اراضی کے الحاق کے منصوبوں پر مسلسل عمل شرمناک اور افسوسناک ہیں۔ العتیبی کا کہنا تھا کہ اسرائیل فلسطینی قوم کے خلاف اپنے غیرقانونی ہتھکنڈوں اور قابض ریاست کا قبضہ برقرار رکھ کر ہمارے وجود کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ہم ایک بار پھر فلسطینی اراضی پر اسرائیل کے توسیع پسندانہ اور غاصبانہ قبضے کو وسعت دینے کے اقدامات کی مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں میں اپنی غیرقانونی اور غیرمجاز سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے غرب اردن کے الحاق اور فلسطینی اراضی میں ہزاروں کی تعداد میں مکانات کی تعمیر کرکے عملاً فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کو تباہ کر رہا ہے۔ انہوں نے فلسطین میں یہودی آباد کاری، توسیع پسندی اور غاصبانہ قبضے کے حوالے سے اقوام متحدہ کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ناصرف غرب اردن کے الحاق کے پروگرام کوآگے بڑھ رہا ہے، بلکہ مشرقی بیت المقدس پر قبضے کی کوشش اور فلسطینی شہروں میں بستیوں کی تعمیر جاری رکھے ہوئے ہے۔