گستاخانہ خاکوں نے امت کے جذبات کو مجروح کیا، فاطمہ فہیم

264

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور اس کی سرکاری سطح پر ہونے والی حمایت کی مذمت کرتے ہوئے ناظمہ اعلیٰ اسلامی جمعیت طالبات پاکستان فاطمہ فہیم کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے لیے نبیؐ کی ذات ان کی جان، مال اور اولاد سے بڑھ کر محبوب ہے۔ فرانس میں ہونے والی اس حرکت سے پورے عالم اسلام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔آزادی اظہار کے نام پر مذاہب کے شعائر اور مقدس شخصیات کی توہین دنیا بھر کے امن، اتحاد و یگانگت کو تباہی کی طرف لے جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ایسے حالات میں توہین رسالت کی مذمت اور رسول اللہؐ کی تعلیمات کو اپنانا اور فروغ دینا امت کی اولین ذمے داری بنتی ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے پر سفارتی سطح پر ٹھوس اقدامات کرتے ہوئے مؤثر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے نیز سرکاری سطح پر فرانس کا معاشی مقاطعہ کیا جائے،جو مسلمانان پاکستان کے جذبات کی عکاسی کرے۔