سندھ بینک منی لانڈرنگ کیس، ضمنی ریفرنس کیلیے نیب کو مہلت

130

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت اسلام آباد نے منی لانڈرنگ سے سندھ بینک کو 25 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کے ریفرنس پر سماعت کی ۔نیب نے عدالت سے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کی مہلت مانگ لی۔ احتساب عدالت نے نیب کو 17 نومبر تک سندھ بینک کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ اس موقع پر سابق صدر سندھ بینک بلال شیخ نیب پراسیکیوٹر عثمان مرزا و دیگرعدالت میں پیش ہوئے ۔ علاوہ ازیں اعظم خان کی احتساب عدالت نے میگامنی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز کی سماعت کی، عدالت نے سابق صدر آصف زرداری،فریال تالپور کی حاضری سے ایک روز استثنا کی درخواست منظور کر لی جبکہ بلال شیخ، عدیل شاہ راشدی سمیت دیگر ملزمان عدالت پیش ہوئے۔ نیب کے گواہ جوائنٹ رجسٹرار ایس ای سی پی احسن اسلم کا مکمل بیان ریکارڈ نہ ہو سکاعدالت نے گواہ کو آئندہ سماعت پر متعلقہ ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5نومبر تک ملتوی کر دی ۔مزید برآںاسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس لبنا سلیم پرویز پر مشتمل ڈویژن بینچ کی عدالت نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کا کیس آصف علی زرداری کی سیکرٹری رخسانہ بنگش کی ضمانت قبل از گرفتاری میں 23 نومبر تک توسیع کر دی۔