پی ڈی ایم موجودہ حکومت سے نجات دلائے گی ،ن لیگ

162

لاہور (نمائندہ جسارت)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ موجودہ حکومت سے نجات دلائیگی، دوستوں کی جیبیں بھرنے کیلیے عوام کو ذلیل و رسوا کیا جارہا ہے۔ نیب کو پلاٹ اور صاف پانی انکوائری میں کچھ نہیں ملا اور کیس کو بند کرنا پڑا۔ان خیالات کا اظہار ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب اور خرم دستگیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آج ایک شخص دوستوں کی جیبیں بھرنے کے لیے عوام کو ذلیل کررہاہے ،کابینہ میں بیٹھی مافیا کی جیبیں بھریں گی تو بنی گالہ کا خرچہ چلے گا، اے ٹی ایم مشینوں کو بھرنا حکومت کی ترجیح ہے، عوام مزید سزا بھگتنے کیلیے تیار ہو جائیں،7 ہزار ارب کے صرف پاور سیکٹر میں فنڈخورد برد کیے جا چکے۔ خرم دستگیر نے کہا کہ چور وہ ہیں جنہوں نے آٹا اور چینی کا بحران پیدا کیا ،اورچور سب سے زیادہ خود شور مچا رہا ہے،چوری اتنی زیادہ ہے کہ ہم اس کو ہر روز لے کر آئیں گے ،آج مہنگائی کی شرخ 15 فیصد تک پہنچ چکی۔