امت فرانسیسی صدر کے احمقانہ جاہلانہ اور فسادی کردار کیخلاف کھڑی ہو، لیاقت بلوچ

109

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پوری قوم کل 12ربیع الاول کو تحفظ ناموس رسالت کے لیے فرانس کے صدر کے احمقانہ جاہلانہ اور فسادی کردار کے خلاف عظیم دینی جذبات کا اظہار کرے گی۔ ماہ ربیع الاول میں فرانس کے صدر ماکرون نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کی توہین کی ہے ۔یورپ آزادیٔ رائے کے نام پر صرف اسلام اور شعائر اسلام خصوصاً قرآن اور اہل ایمان کی عقیدت،وحدت کے مرکز حضرت محمدؐ کو ٹارگٹ کرکے دل آزاری اور توہین کررہا ہے ۔ عالم اسلام کے حکمران غیرت ایمانی کا ثبوت دیں اور شعائر اسلام کی حفاظت کریں۔عالمی سطح پر قانون سازی کے لیے متحدہ کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو اللہ کی طرف سے اسٹیٹس کو توڑنے کا موقع ملا ہے ۔قومی سیاست میں ٹھیرائو لائیں۔آئین و قانون کی بالا دستی اور حکمرانی کو یقینی بنائیں۔عوام کی بھوک اور افلاس ختم کریں اور ریاست مدینہ کا نظام اپنائیں ۔انہوں نے کہا کہ نااہل اور ناکام ٹولے نے 22کروڑ عوام کے ارمانوں کا خون کردیا ہے ۔عمران خان سرکار اب ملک کے لیے بوجھ ہے ۔ریاستی اداروں کو اپنی غلطی کا بوجھ آئین میں دیے گئے طریقہ کار کواختیار کرکے اتارنا ہوگا۔لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ریاست حکومت اور سیاست کا اختلاف خطرناک شکل اختیار کرتا جارہا ہے ۔ملک کی جمہوری قوتوں کا جھگڑا افواج پاکستان سے نہیں ،اختلاف پیر ا ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی کردار سے ہے ۔ملک بڑے بحرانوں میں گھرا ہوا ہے ۔قومی ترجیحات پر حکومت سیاست ،ریاست یک آواز نہ ہوئے تو ملک وقوم کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد ،اسلام کی حکمرانی ،کشمیر کی آزادی ،اتحاد امت ،اسلام کے معاشی نظام کے نفاذ ،سود کے خاتمے اور ریاست کے نظام کو آئین و قانون کا پابند بنانے کے لیے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین اور پارلیمانی نظام کی کامیابی ریاستی اداروں کی عزت ،صوبوں کے حقوق کے تحفظ اور معاشی وسائل کی منصفانہ تقسیم کے لیے عوام کو منظم اور انقلابی کردار ادا کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کے لیے جماعت اسلامی کے کارکنان اپنا سب کچھ قربان کرنے کے لیے کمر بستہ ہیں ۔لیاقت بلو چ نے کہا کہ عمران خان سرکارکو کشمیر پر مجرمانہ غفلت کا جواب دینا ہوگا۔اسلامیان پاکستان جموں و کشمیر کی تحریک آزادی کے پشتیبان ہیں۔