زرمبادلہ ذخائر کے4ارب 15کروڑ ڈالر بڑھ گئے

98

کراچی (آن لائن) وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر پہلی سہ ماہی میں 4 ارب 15 کروڑ ڈالر بڑھ گئے، ترسیلات زر میں 31 فیصد اضافہ ہوگیا، اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 7.3 سے 9.3 فیصد رہنے کا خدشہ ہے۔ وزارت خزانہ نے ملک کی معاشی صورتحال پر ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، چینی اور گندم کی درآمد میں تیزی سمیت ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، نومبر میں مقامی پیداوار آنے سے ٹماٹر اور پیاز سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی آئے گی، جلد خراب ہونیوالی اشیا کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی بڑھی۔ رپورٹ کے مطابق اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 7.3 فیصد سے 9.3 فیصد رہنے کا امکان ہے۔محکمہ خزانہ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں زرمبادلہ ذخائر میں 4 ارب 15 کروڑ ڈالر اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد مجموعی زرمبادلہ ذخائر 19 ارب 29 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ذخائر کی مالیت 15 ارب 13 کروڑ ڈالر تھی۔ جولائی تا ستمبر کرنٹ اکائونٹ 80کروڑ ڈالر سرپلس رہا، 3 ماہ میں برآمدات 10.5 فیصد کمی سے 5.4 ارب ڈالر رہیں، درآمدات میں 3.8 فیصد کمی اور حجم 10.6 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔وزارت خزانہ کے مطابق لاک ڈائون اٹھانے سے معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی، کورونا پھر نمودار ہونے سے معاشی خطرات موجود ہیں۔