مافیا جو چاہے کر لے ،بلیک میل نہیں ہونگا، احتساب بہرصورت ہوگا، عمران خان

88

لاہور(نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سارے جیب کترے اسٹیج پر کھڑے ہوکرکہتے ہیں ملک تباہ ہوگیا، وہ جو چاہے کریں لیکن میں بلیک میل نہیں ہوں گا اور احتساب ضرور ہوگا۔وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں انصاف ڈاکٹرز فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سزااور جزا کانظام ختم ہونے سے سسٹم نیچے چلا گیا، ماضی میں صحت اور تعلیم کے سرکاری اداروں کا معیار کم ہوتا گیا، ملک کے فیصلے کرنے والوں کو کھانسی آئی تو لندن چلے جاتے اور شعبہ صحت کی کوئی پروا نہ کی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جس سسٹم میں سزا اور جزا نہیں ہوتی وہ تباہ ہوجاتاہے، چھوٹے چھوٹے مافیاز صحت کے شعبے میں اصلاحات نہیں آنے دیتے، تیس سال سے باریاں لینے والے آج اکٹھے ہیں، سارے جیب کترے اسٹیج پر کھڑے ہوکر شور مچاتے ہیں ملک تباہ ہوگیا، انہیں پہلی بار نظر آرہا ہے کہ ملک سے چوری اور غداری پر ان کا احتساب ہوگا۔عمران خان نے کہا کہ مافیا کو پتا ہے اب ایسا وزیراعظم آگیا ہے وہ جو مرضی کرلیں میں بلیک میل نہیں ہوں گا اور ان کا احتساب ضرور ہوگا۔ عمران خان نے ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافے پر خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ 2 ماہ احتیاط سے گزارنا ہوں گے ا۔نہوں نے کہا کہ خوف ہے کہ کورونا وائرس میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، پاکستان میں کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات کو دنیا بھر نے تسلیم کیا لیکن اب ہمارے لوگوں نے کورونا کو نظر انداز کرنا شروع کردیا جس کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو 26 ماہ ہوئے ہیں اور لوگ سوال کرتے ہیں کہ نیا پاکستان کدھر ہے؟ میں ان کو سمجھا کر تھک گیا ہوں کہ تبدیلی کا نام اداروں کی اصلاحات کرنی ہیں جس میں وقت درکار ہوتا ہے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے پنجاب میں بلدیات کی سطح پر ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے وزیر اعظم عمران خان کو تحصیل ، ضلع اور دیہات میں بنیادی سطح کے مسائل کے حل کے لیے تجویز کردہ منصوبوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے عوامی فلاح کے منصوبوں کو جلد از جلد اور موثر انداز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی تاکہ عوام کو سہولت بہم پہنچائی جا سکے۔ وزیر اعظم عمران خان نے مزید ہدایت کی کہ صاف پانی کی ترسیل، سیوریج ، پبلک پارکس اور واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے اور یہ منصوبے صوبہ بھر میں ضرورت کے مطابق شرو ع کیے جائیں۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت ، صوبائی وزیر خزانہ مخدوم ہاشم اور صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان اور دیگر اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔قبل ازیںوزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد روانہ ہوگئے عمران خان بدھ کی صبح لاہور پہنچے تھے جہاں انہوں نے مصروف دن گزارا وزیراعظم نے ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعلیٰ پنجاب سے ون آن ون ملاقات کی ملاقات میں پنجاب کی سیاسی صورتحال، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک، اور مہنگائی پر پنجاب کے عوام کے رد عمل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبائی کابینہ میں شامل وزرا کی کارکردگی رپورٹ کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا جبکہ وزیراعلیٰ کی اس رپورٹ پر بعض وزراء کو کابینہ سے فارغ کئے جانے یا ان کی وزارتیں تبدیل کئے جانے کے امکانات ہے۔