وزیراعلیٰ سندھ نے نگرپارکر میں کالی داس ڈیم کاافتتاح کردیا

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ نے نگرپارکر میں کالی داس ڈیم کاافتتاح کردیا ۔ ڈیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گندم، آٹا، چینی، گھی، تیل، سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کرکے غریب لوگوں کی روٹی اور منہ کا نوالہ چھین لیا‘ چینی جو فی کلو55 روپے تھی وہ 110 روپے فی کلو ہوگئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ننگرپارکر علاقے میں اسمال ڈیمز پروجیکٹ 42 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ شروع کیا گیا ہے ان میں سے 23 ڈیمز مکمل ہوچکے ہیں جبکہ باقی 11 ڈیموں کی تعمیر کا کام جاری ہے اور جولائی 2022ء میں مکمل ہوںگے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب23 چھوٹے ڈیموں کی تکمیل کے بعد بارش کے پانی کی ایک بڑی مقدار جانوروں، زراعت اور سال بھر جنگلی حیوانات کے لیے ذخیرہ کی جارہی ہے‘45 ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو سیراب بھی کر رہے ہیں‘اس پورے منصوبے کی تکمیل کے بعد تقریباً 85 ہزار ایکڑ پر زراعت کاشت کی جائے گی اور 87 دیہات میں ڈیم کے پانی کو استعمال کرنے کی سہولت ہوگی۔