سراج الحق نے پشاور دھماکے کو حکومت کی ناکامی قرار دے دیا

279

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے پشاور کے مدرسے میں ہونے والے دھماکے کو حکومت کی ناکامی قرار دے دیا۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسجد میں قرآن پاک و احادیث کی تعلیم حاصل کرنے والے طلبا پر حملہ ہوا۔ یہ آرمی پبلک اسکول کی طرح المناک واقعہ ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومت کو علم تھا کہ واقعہ ہونے والا ہے لیکن پھر بھی حکومت غفلت میں سوئی رہی۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ حکومت کی ناکامی ہے، اس خون پر خاموش نہیں رہیں گے۔ حکومت نے مجرموں کو گرفتار نہیں کیا تو بچوں کے خون کی ذمہ دار حکومت ہوگی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ مسجد پر حملے کو اسلام آباد پرحملہ تصور کیا جائے۔ حکومت کو فوری طور پر کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایکشن پلان کا اعلان کرے۔ صرف بھارت اور افغانستان پر الزام لگانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔