پاکستان ہاکی فیڈریشن کا نمبر ون ٹرینر سے معاہدہ

342

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی  سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں سمیت کوچز کو فٹ رکھنے اور ٹریننگ دینے کے لیے دنیا کے نمبر ون آسٹریلوی ٹرینر ڈینیئل بیری کی خدمات حاصل کرلی ہیں اور وہ اگلے ماہ پاکستان پہنچیں گے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق فیڈریشن کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیے میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر ریٹائرڈ  خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھاکہ ڈینیئل بیری پاکستان کی قومی، جونیئر اور انڈر 16 کی ٹیموں کو ٹرین کریں گے جبکہ ڈینیئل بیری پاکستانی کھلاڑیوں کو آسٹریلیا جاکر بھی وہاں ان کو  ٹریننگ دیں گے۔

تفصیلات کے مطابق صدر ہاکی فیڈریشن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو فٹ کرنے کے لیے نمبر ون ٹرینر سے معاہدہ کیا ہے اور  ڈینیئل بیری جونیئر ایشیا کپ کی تیاریاں لاہور میں کروائیں گے۔

دوسری جانب  بریگیڈیئر ریٹائرڈ خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑیوں میں فزیکل فٹنس کا فقدان ہے جس سے چھٹکارا پانے کیلئے ہم نے غیر ملکی نمبر ون ٹرینر سے معاہدہ کیا  ہے۔

واضح رہے  پاکستان ٹیم کو جونیئر ایشیا کپ کھیلنے کے لیے جنوری2021 میں بھارت جانا ہے اور اس سے پہلے ڈینیئل بیری پاکستان کی جونیئر ٹیم کو ٹرین کریں گے۔