پاک بحریہ کا شمالی بحیرہ عرب میں میزائل فائرنگ کا شاندار مظاہرہ

1016

کراچی:پاک بحریہ کے فلیٹ یونٹس نے شمالی بحیرہ عرب میں بحری جہاز شکن میزائلوں کا کامیاب تجربہ کرتے ہوئےاپنی جنگی تیاری کا بھرپور مظاہرہ کیا، اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی مہمانِ خصوصی تھے جنہوں نے سینئر نیول آفیسرز کے ہمراہ میزائل فائرنگز کا مشاہدہ کیا۔

ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز کے مطابق یہ میزائل  پاک بحریہ کے بحری جہاز، ہوائی جہازاور ہیلی کا پٹر سے داغے گئے،جنہوں نے اپنے اپنے اہداف کو کامیابی کے ساتھ نشانہ بنایا،میزائلوں کی یہ کامیاب فائرنگ پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں اور حربی قابلیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے پاک بحریہ کی آ پریشنل تیاریوں اور قومی میری ٹائم اثاثوں کی حفاظت کے سلسلہ میں تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا،انہوں نے آفیسرز اور جوانوں کے جذبے، لگن اور پیشہ ورانہ قابلیتوں کو بھی سراہا۔

میزائل فائرنگ کے موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے اس امر کو دہرایا کہ  پاک بحریہ پاکستان کی بحری سرحدوں کے خلاف ہونے والی کسی بھی جارحیت کاموثر جواب دینے اور بحری دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کیلئے ہر دم مستعدہے،انہوں نے مزیدکہا کہ پاک بحریہ ہر قسم کے جنگی خطرات سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔