کراچی: 12 ربیع الاول جلسے و جلوسوں کے لیے ٹریفک پلان جاری

741

کراچی: ملک بھر میں 12 ربیع الاول بے حد عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے اور اس حوالے سے مختلف علاقوں سے جلوس برآمد کیے جاتے ہیں جبکہ اس سال بھی ربیع الاول کی پیش نظر جلسے اور جلوسوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق  دعوت اسلامی کا جلوس 2:30 بجے شہید محمد مسجد کھارادر سے روانہ ہوگا جبکہ جلوس پلاسٹک مارکیٹ، لائٹ ہاؤس، جامع کلاتھ سے ہوتا ہوا مسجد گلزار حبیب پہنچے گا جبکہ  دوسرا جلوس 2:30 بجے میمن مسجد کھارادر سے برآمد ہوگااور آرام باغ پر اختتام پذیر ہوجائے گا۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے اور اس کے مطابق  لی مارکیٹ، کرین چورنگی، مائی کولاچی سے ایم اے جناح روڈ تک سڑک ٹریفک کے لیے بند رہے گی جبکہ کیماڑی سے جناح بریج آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔

ٹریفک پلان کے مطابق  یونیورسٹی روڈ سے آنے والے ٹریفک کو جیل روڈ فلائی اوور کے نیچےسے ایم اے جناح روڈ جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور پیپلز چورنگی سے عائشہ منزل جانے والےٹریفک کو شارع قائدین اور صدر کوریڈور 3 کی جانب موڑا جائے گا جبکہ  گرومندر سے ایم اے جناح روڈ پر آنے والے ٹریفک کو بنوریہ ٹاؤن سے سینٹرل جیل موڑا جائے گا تاہم ٹریفک کو لسبیلہ، برنس روڈ سے ایم اے جناح روڈ آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور ٹریفک کو شارع قائدین سے سوسائٹی سگنل آنے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق نشتر روڈ سے براستہ رنچھوڑ لائن کھارادر جانے کی اجازت بھی نہیں ہوگی جبکہ تمام مقامات پر ٹریفک پولیس کے اہلکار رہتمائی کے لیے موجود رہیں گے۔

واضح رہے وزیر اعظم عمران خان کی منظوری کے بعد، حضورؐ کی شان اقدس میں گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ہفتہ عشق رسول ؐمنانے کا فیصلہ کیا ہے جو 12تا18ربیع الاول تک جاری رہے گا۔