حقوق کراچی تحریک مئوخر ، حافظ نعیم آج سے فرانس کیخلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان

248

 

کراچی(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کے خلاف آج شام 4بجے تین تلوار پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، جمعہ 30اکتوبر کو امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی اپیل پر ملک بھر میں یوم احتجاج منایا جائے گا اس سلسلے میں شہر بھر کی مساجد،چوکوں ،چوراہوں اور اہم پبلک مقامات پر مظاہرے کیے جائیں گے جبکہ نماز جمعہ میں ائمہ مساجد اور علما کرام ،شان رسالت ؐ کے موضو ع پر خطاب کریں گے اور یکم نومبربروز اتوار مزار قائد سے سی بریز پلازہ ایم اے جناح روڈ تک عظیم الشان ’’ تحفظ ناموس رسالتؐ ‘‘ ریلی نکالی جائے گی ،ہم پیغام دیناچاہتے ہیں کہ ہم اپنے نبیؐ سے محبت کرتے ہیں اورپرامن قوم ہیں،صرف قرارداد پیش کرنے اور ٹوئٹ کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا، فرانس سے
سفارتی تعلقات معافی مانگنے تک ختم کیے جائیں ،توہین آمیز خاکوں سے دنیا کے پونے 2 ارب مسلمانوں کی دل آزاری کی گئی ہے ،جماعت اسلامی آئندہ آنے والے دنوں میں حضورپاک کی حرمت کے تحفظ کے طور پرمنائے گی،2نومبر کو ادارہ نورحق میں محفل حسن قرأت منعقد کی جائے گی،صورتحال کے پیش نظر حقوق کراچی تحریک فی الحال مؤخر کردی گئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں یورپ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور فرانسیسی صدر کی جانب سے ناموس رسالت ؐ کی گستاخی کے خلاف پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، راجا عارف سلطان ،سیکرٹری کراچی عبد الوہاب، جمعیت اتحاد العلما کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید ، رکن سندھ اسمبلی و امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ، سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے ناموس رسالت ؐ کے خلاف سینیٹ میں قرارداد جمع کرائی ہے جبکہ رکن سندھ اسمبلی و امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید نے سندھ اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ فرانس میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث شہر بھر میں جاری ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ فی الحال مؤخر کردی گئی ہے ،جماعت اسلامی کے ریفرنڈم میں کراچی کے عوام نے بھرپورحصہ لیا،تعلیم ،قانون صنعت وتجارت سے تعلق رکھنے والوں نے بھی بھرپور حصہ لیااور کراچی کے شہری بنیادی حقوق پر سب نے اتفاق کیاہے ۔انہوں نے کہاکہ کراچی اسلامی دنیاکاسب سے بڑاشہرہے ،حرمت رسول ؐ پر جان بھی قربان ہے اس موقع پرپوری امت مسلمہ یک جان ہے ،اسلامی ممالک میں خصوصاً ترکی اور کویت نے بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف زبردست ردعمل دیا ہے اور احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ،بارباراس طرح کااقدام کرکے مسلمانوں کواشتعال دلایا جاتا ہے،امت مسلمہ رسول اللہ ؐ کی حرمت پر کسی صورت سمجھوتا نہیںکرے گی ،کراچی میں احتجاج میں اقلیتی برادری کے نمائندے بھی شریک ہوں گے اور یہ پیغام دیں گے کہ مسلمان ایک پُر امن قوم ہے۔