تکافل مصنوعات کے بارے میں پاک قطر تکافل گروپ کا ویبنار

595

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاک قطرتکافل گروپ نے آئی بی اے سیف (سینٹر فار ایکسلنس ان اسلامک فنانس) کے اشتراک سے ــ”انڈراسٹینڈنگ تکافل پراڈکٹس” کے عنوان سے ایک ویبنار سیشن کا انعقاد کیا۔ پاک قطر تکافل گروپ کے شریعہ بورڈ کے چیئرمین مفتی حسان کلیم اور پاک قطر فیملی تکافل کے چیف ایگزیٹو آفیسر عظیم پیرانی اس آن لائن سیشن کے اہم اسپیکرز تھے۔اس موقع پر مفتی حسان کلیم نے تکافل کے تصور کے بارے میں وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ “تکافل”عربی زبان کا لفظ ہے اور اس کا مطلب ہے کہ “مشترکہ یا باہمی ضمانت”۔ تکافل ایک کمیونٹی پولنگ کا نظام ہے جو اخوت اور باہمی مدد کے اصولوں پر مبنی ہے جس میں شرکاء ایک مشترکہ فنڈ میںضرورت مند افراد کی مدد کے لیے تعاون کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ تکافل آپ کے مالی تحفظ اور بچت کی ضروریات کو پورا کرنے کا حلال اور اخلاقی طریقہ ہے۔ یہ رسک کم کرنے کا ایک حلال طریقہ ہے جو کہ روایتی انشورنس کے متبادل کے طورپر کام کرتا ہے۔ یہ مکمل طورپر شفاف اور منصفانہ اخلاقی مینجمنٹ ہے جو شرکاء کو مشترکہ جائز مقاصد کے لیے باہمی تعاون، بھائی چارے اور یکجہتی کے ذریعے سرمایہ کاری میں درپیش خطرات کو کم کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر پاک قطر فیملی تکافل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عظیم پیرانی نے تکافل کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ تحفظ کے عنصر اور اور اس کے فوائد کے بارے میں عوام میں شعور اجاگر کرنا انتہائی ضروری ہے ۔