قائداعظم ٹرافی زاہد محمود کے 10 شکار،سدرن پنجاب کامیاب

485

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے رائونڈ کے تیسرے روز نیشنل بینک اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں سدرن پنجاب نے گزشتہ سال کی فائنلسٹ ناردرن کو ایک اننگز اور 96رنز سے ہرادیا ہے۔ اسپنر زاہد محمود نے میچ میں 10 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔میچ کے تیسرے روز3 وکٹوں کے نقصان پر 31 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی ناردرن کی پوری ٹیم 65.1 اوورز میں 246 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ حماد اعظم نے 79 رنز بنائے۔ پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کرنے والے زاہد محمو دنے دوسری اننگز میں 57 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاتھا تو اس کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 165 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔ جواب میں سدرن پنجاب نے طلعت حسین کے 253 اور کپتان شاند مسعود کے134 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 507 رنز پر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔ اسی طرح یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں بلوچستان اور کے پی کے درمیان میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا۔ کے پی کو جیت کے لیے میچ کے آخری روزمزید 280 رنز جبکہ بلوچستان کو6 وکٹیں درکار ہیں۔ اس سے قبل 195 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 8 وکٹوں کے نقصان پر 217 رنز پر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔ سمیع اسلم 48 اور یاسر شاہ 41رنز بناکر آئوٹ ہوئے،تیمور علی نے 41 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔پہلی اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے ساجد خان نے دوسری اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ مجموعی طور پر 413 رنز کے تعاقب میں کے پی کی دوسری اننگز بھی مشکلات کا شکار ہے اور تیسرے روز کھیل کے اختتام تک133 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آئوٹ ہوچکے ہیں۔ عادل امین 56 رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہیں، کامران غلام نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔نیشنل اسٹیڈیم میں ی میچ کے تیسرے روز فواد عالم کی سنچری کی بدولت سندھ نے پہلی اننگز میں سینٹرل پنجاب کے خلاف 32 رنز کی سبقت حاصل کی تاہم دن کے اختتام پر 4 وکٹوں کے نقصان پر 120 رنز بنانے والی سینٹرل پنجاب کی ٹیم کو میچ کی دوسری اننگز میں مجموعی طور پر 88 رنز کی سبقت حاصل ہوچکی ہے۔عثمان صلاح الدین 35 اور محمد سعد 26 رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہیں۔محمد عمر اور محمد اصغر 2،2 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں سینٹرل پنجاب کے 207 رنز کے جواب میں 239 رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ فواد عالم 115 رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ تابش خان نے 24 رنز بنائے۔ وقاص مقصود نے 4اور حسن علی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔