پاک زمبابوے سیریز ،تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کے کووڈ ٹیسٹ منفی

255

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ایک روزہ سیریز سے قبل اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لیے گئے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں، منیجمنٹ اراکین اور آفیشلز کے 107 ٹیسٹ کی رپورٹس منفی آئی ہیں۔ان تمام افراد کے کورونا ٹیسٹ گزشتہ روز لیے گئے تھے، جن کی رپورٹس منفی آنے کے بعد اب یہ تمام کھلاڑی، منیجمنٹ اراکین اور آفیشلز بائیو سیکیور ببل کا حصہ بن گئے ۔ ان تمام افراد کو آپس میں ملنے جلنے کی مکمل آزادی ہے۔قو می اسکواڈ گزشتہ روز بذریعہ روڈ لاہور سے اسلام آباد پہنچا تھا جبکہ مہمان اسکواڈ میں شامل کھلاڑی اور آفیشلز بھی گزشتہ روز اسلام آباد کے مقامی ہوٹل منتقل ہوئے تھے۔آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ میں شامل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے لیے دونوں اسکواڈز نے گزشتہ روز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں ٹریننگ کا آغاز کیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ 30 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔دریں اثناء دونوں ٹیموں نے گرائونڈ میں بھرپور پریکٹس کے ذریعے اپنا دن گزارا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس نے بولرز کو مفید مشوروں سے نوازا اور خامیوں پر قابوپانے میں مدد کی۔ اسی طرح زمبابوے ٹیم کے کوچز نے بھی کھلاڑیوں کو بھرپورپریکٹس کروائی۔