چکی آٹا کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائیگی،وزیر خوراک سندھ

123

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر خوراک ہری رام کشوری لال نے کہا کہ آٹا چکیوں کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔عوام کی آٹاکی ضرورت کو سامنے رکھتے ہوئے آٹا چکیوں کے سرکاری گندم کوٹہ میں اضافہ اور چکی آٹا کے نرخوں پر نظر ثانی کی جائے گی۔ آٹا چکی اونرز سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن حیدرآباد کے سینئر نائب صدر حاجی محمد میمن اور جنرل سیکرٹری محمد ہارون آرائیں سے اپنے دفترمیں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد
سمیت سندھ بھر میں عوام کی اکثریت چکی کا آٹا استعمال کرتے ہیں اوروہ اس صورتحال سے بخوبی آگاہ ہیں۔ بعد ازاں ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے سیکرٹری خوراک سندھ لئیق احمد سے ان کے دفتر میں ملاقات کرکے انہیں محکمہ خوراک کی جانب سے فی پتھر یومیہ صرف 126 کلو سرکاری گندم کوٹہ کی فراہمی اور چکی آٹا کے نرخوں کے حوالے سے آگاہ کیا ۔سیکرٹری خوراک لئیق احمد نے کہاکہ آٹا چکیوں کو فوڈ گرین گوداموں سے صاف گندم کی فراہمی یقینی بنایا جائے گا تاکہ آٹا چکی مالکان کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اور عوام کو بھی آٹا باآسانی مل سکے۔ چکی آٹا کی قیمت کا تعین کرنے کیلیے سندھ بھر کی آٹا چکیوں کی ایسوسی ایشنز کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔