بھارت ،امریکا حساس سیٹلائٹ ڈیٹا معاہدے پر دستخط

571
نئی دہلی: امریکی اور بھارتی وزرائے خارجہ ودفاع اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کررہے ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا اور بھارت نے حساس سیٹلائٹ ڈیٹا کی فراہمی کے ایک دفاعی معاہدے پر دستخط کر دیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق بی ای سی اے ’’بیکا‘‘ نامی اس معاہدے پر منگل کے روز امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر، وزیر خارجہ مائیک پومپیو، بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ جے شنکر کے درمیان مذاکرات کے بعد کیے گئے۔ اور یہ معاہدہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب بھارت کا چین کے ساتھ سرحدی تنازع زوروں پر ہے۔ اس حساس ڈیٹا کی مدد سے بھارت اس قابل ہو جائے گا کہ وہ میزائلوں، ڈرون طیاروں اور دیگر اہداف کو درست اور بالکل ٹھیک ٹھیک انداز سے نشانہ بنے سکے گا۔ عسکری ماہرین کا ماننا ہے کہ بھارت اور امریکا کے درمیان بڑھتے تعلقات اس خطے میں چین کے اثر و رسوخ کو کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں۔ معاہدے کے بعد بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا ہے کہ گزشتہ 2دہائیوں کے دوران ہمارے تعلقات معنی خیز انداز میں آگے بڑھے ہیں۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہم بھارت کی خودمختاری کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے میں ہمیشہ اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔ یہ خطرہ خواہ چین کی طرف سے ہو یا کسی دوسری طرف سے۔ امریکا کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ کہتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ بھارت اور امریکا صرف چین کی طرف سے ہی نہیں بلکہ ہر طرح کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تعاون بڑھانے میں مصروف ہیں۔