سوڈان نے ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا،فلسطینی وزیراعظم

366

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ سوڈان کی طرف سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اقدام فلسطینی قوم کے لیے المناک ہے۔ رام اللہ میں کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس سے خطاب میں محمد اشتیہ کا کہنا تھا کہ برادر ملک سوڈان نے اسرائیل کو تسلیم کرکے فلسطینی قوم کے دشمنوں کا ساتھ دے کر ہماری پیٹھ میں خنجر گھونپا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے عرب اور مسلمان برادر ملک جس گڑھے میں گزشتہ ایک صدی نہیں گرے وہ اس اب اس میں گر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی صف میں شامل ہونے والے ممالک عرب ممالک کی دیوار کو کمزور کررہے ہیں۔ فلسطینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے مستقبل کا فیصلہ ہماری قوم کرے گی۔ دنیا کی کوئی طاقت یا ملک فلسطینیوں کے مستقبل کے مقدر کا فیصلہ نہیں کرسکتے۔ خطے میں امن کی کلید مسئلہ فلسطین کا منصفانہ حل ہے۔ خیال رہے کہ اتوار کے روز سوڈان نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ یوں سوڈان اسرائیل کو تسلیم کرنے اور صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات استوار کرنے والا پانچواں عرب ملک بن گیا ہے۔ یاد رہے کہ سب سے پہلے 1979ء میں مصر نے اسرائیل کو تسلیم کیا تھا۔ 1994ء میں اردن نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا، جب کہ رواں برس متحدہ عرب امارات، بحرین اور اب سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیا ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی حکومت کے سربراہ بنیامین نیتن یاہو نے اپنے وزرا کو دورۂ امارات سے قبل ابو ظبی جانے سے روک دیا ہے۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی اسرائیلی وزرا اپنے اماراتی ہم منصبوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔