میزبان کے سخت سوالات پر ٹرمپ انٹرویو چھوڑ کر فرار

391

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ خاتون صحافی کے سخت سوالات پر برہم ہوکر انٹرویو ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔ سی بی ایس کے ’60 منٹس پروگرام ‘میں امریکی صدر نے خاتون صحافی سے احتجاج کیا کہ انہوں نے کبھی ڈیموکریٹک صدارتی امیدوار جوبائیڈن سے ایسے سخت سوالات نہیں کیے جیسے ان سے کیے جارہے ہیں۔ دوران انٹرویو مزید سوالات سے بچنے کے لیے امریکی صدر گفتگو کو ادھورا چھوڑ کر رخصت ہوگئے۔ دوسری جانب پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا تھا جوبائیڈن نے عوام کو دھوکادیا۔ 2016 ء میں ہیلری کلنٹن کو ریاست میں سخت مقابلے کے بعد شکست دی تھی،تاہم جوبائیڈن کو زیادہ ووٹوں سے ہزیمت اٹھانی پڑے گی۔ ادھر پنسلوانیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بائیڈن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو بدترین صدر قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے دوران بدترین شخص نے ہماری رہنمائی کرنے کی کوشش کی۔ وہ ایک بے پروا انسان ہیں، جن کے پاس کردکھانے کا کوئی منصوبہ ہی نہیں۔ بائیڈن نے دعویٰ کیا کہ وہ احتیاط کے ساتھ انتخابی مہم چلا رہے ہیں،جب کہ ٹرمپ نے وبا کی حوالے سے کوئی احتیاطی تدبیر اختیار نہیں کی۔ امریکا میں انتخابات کا حتمی معرکہ 3نومبر کو لڑا جائے گا۔