مکہ مکرمہ کے ہوٹل زائرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار

608
مکہ مکرمہ: زائرین کے لیے حفظانِ صحت اقدامات کے تحت خدمات انجام دی جارہی ہیں

مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی وزارت حج وعمرہ نے یکم نومبر سے مناسک عمرہ کے تیسرے مرحلے کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے۔ وزارت نے اس حوالے سے عمرہ زائرین کے قیام، طعام، آمدورفت اور دیگر کاموں کے دوران طبی حفاظت کی تفصیلات بھی جاری کیں۔ حرم مکی میں عبادات کی بحالی کے تیسرے مرحلے کے موقع پر معتمرین کے لیے مکہ معظمہ میں 1800 ہوٹلوں میں ڈھائی لاکھ کمرے مختص کیے گئے ہیں۔ مکہ معظمہ میں 3، 4 اور 5 ستارہ ہوٹلوں کے کمروں میں زائرین کی حفاظت کے لیے خصوصی انتظامات کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ عمرہ زائرین سے قیام کے دوران کمروں کا کرایہ وصول کیا جائے گا اور انہیں 3وقت کا کھانا بھی ملے گا۔ بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے 3دن تک ان کمروں میں قیام کرنا لازمی ہوگا۔ تمام زائرین کی آمد کے بعد ان کے کاغذات اور دیگر کوائف کی چھان بین کے لیے ہرگروہ کے لیے ایک الگ افسر تعینات کیا جائے گا۔