ترکی کی مشرقی بحیرۂ روم میں نئی تربیتی مشقیں

531
انقرہ: رجب طیب اردوان اور شمالی قبرص کے نو منتخب صدر ارسین تاتار صحافیوں سے گفتگو کررہے ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) تُرکی نے مشرقی بحیرہ روم میں تربیتی مشقیں شروع کردیں، جن میں تارپیڈوکشتیوں اور جنگی ہیلی کاپٹر وں نے حصہ لیا۔ وزارت دفاع کی طرف سے جاری کیے بیان میں بتایا گیا کہ تُرک بحریہ کی تارپیڈوکشتیوں اور بری فوج کے ہیلی کاپٹروں نے مشقوں کے دوران اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔ وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر تربیتی مشقوں کی تصاویر بھی جاری کی گئیں۔ دوسری جانب تُرک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ہم جزیرہ قبرص کے تنازع کے منصفانہ اور پائیدار حل کے حامی ہیں۔ انہوں نے یہ بات شمالی قبرص کے نو منتخب صدر ارسین تاتار کے ساتھ ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اردوان کا کہنا تھا کہ یونان اور جنوبی قبرص اس حوالے سے انقرہ کی کاوشوں کو 2003ء سے مسترد کرتے آئے ہیں اور دونوں نے کسی طور قیام امن کے حوالے سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔ دونوں ممالک بحیرئہ روم پر اپنی ملکیت جتلاتے ہیں، جب کہ انقرہ کی جانب سے ہائیڈرو کاربن آمدنی کی مساوی تقسیم کی تجویز کو کئی بار ٹھکرایا جاچکا ہے۔ یونان شمالی قبرصِ میں ترکوں کو اقلیت سمجھتا ہے اور ان کے حقوق غصب کر رہا ہے۔ انہوں نے ایرسین تاتار کو صدر بننے کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتخابات کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔