اپوزیشن جلسے کرے، ہم عوام کی خدمت کر رہے ہیں، شفقت محمود

149

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں شوق سے جلسے کریں، حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ملک کی ترقی کیلیے کام جاری رکھے گی، نواز شریف لندن میں بیٹھ کر انقلاب کی باتیں کر رہے ہیں، وہ 3 دفعہ وزیراعظم رہے انہیں قومی اداروں کے خلاف بیان بازی زیب نہیں دیتی، اپوزیشن کے جلسوں سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کی طرف سے ملکی سالمیت پر حملہ افسوسناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپریل سے سندھ حکومت کو بار بار کہہ رہے تھے کہ گندم درآمد کر لیں، گندم درآمد کرنے میں لاپروائی کی گئی اور اس میں مختلف ادارے ملوث ہیں، سندھ حکومت نے گندم روکے رکھی جس کی وجہ سے بحران پیدا ہوا، امید ہے کہ اگلے چند دنوں میں آٹے کی قلت کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔ ابھی گندم کی امدادی قیمت بڑھانے کا فیصلہ نہیں ہوا، اگلے چند دنوں میں کسانوں کیلیے پیکیج آ رہا ہے۔