صرف درسگاہ نہیں ملک کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا ، دردانہ صدیقی

144

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی پاکستان(حلقہ خواتین) کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے پشاور میں مسجد و مدرسے میں دہشت گردی کی سفاکانہ کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ درس گاہ کو نشانہ بنا کر دراصل پاکستان کے مستقبل کو نشانہ بنایا گیا، شہید معصوم بچوں کی قربانی ریاستی اداروں سمیت پوری قوم پر قرض ہے، سانحے میں بھارتی ہاتھ خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا، ملوث عناصر کو بے نقاب کرکے عبرتناک سزا دی جائے۔ دردانہ صدیقی نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ کوئی بعید نہیں کہ یوم سیاہ کشمیر کے دن کے موقع پر بھارت نے پاکستانیوں کی توجہ کشمیر سے ہٹانے کے لیے یہ کارروائی کی ہو۔ ویسے بھی اجیت دودل جیسے بھارتی کرداروں کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی اور سازشیں اب کسی سے ڈھکی چھپی نہیں رہیں۔ دردانہ صدیقی نے معصوم شہدا کے لواحقین سے مکمل اظہار یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔