شہری پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکار سمیت 105 ملزمان گرفتار

334

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پولیس نے شہر میںکی گئی مختلف کارروائیوں میں 105ملزمان کوگرفتار کرلیا،گرفتار شدگان میں پولیس اہلکار سے اسلحہ چھیننے والااور منشیات فروشوں کے ایک گروہ کے کارندوں سمیت ڈکیت،رہزن ،منشیات فروش اور موٹرسائیکل چور شامل ہیں ، ملزمان کے قبضے سے بڑی تعداد میں منشیات اسلحہ ،مسروقہ موٹر سائیکلیں اور دوسری غیر قانونی اشیاء برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کے اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل نارتھ ناظم آباد نے سہراب گوٹھ سچل، سائیٹ سپر ہائی وے اور قائدآباد سے موٹر سائیکل چوری اور چھیننے والے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ۔ملزمان دو پولیس اہلکاروں سے بھی ہنڈا 125 مو ٹر سا ئیکل پستول اور موبائل فون چھین چکے ہیں۔ملزموںسے3 چوری اور چھینی ہوئی ہنڈا 125 موٹر سا ئیکلیں اور پولیس اہلکار سے چھینا گیا پستول اور موبائل فون برآمد ہوا،ملزمان نے ستمبر 2020ء میں ماڈل کالونی ٹریفک سیکشن میں تعینات پولیس کانسٹبل طفیل خان سے بھی اس کی 125موٹر سائیکل اور اس کا سرکاری پستول چھینا تھا، ملزمان صرف 125موٹر سائیکلیں چھین کر کراچی میں حسین کے ایس سی والے کو بھٹائی آباد میں فروخت کر دیتے ہیںجو ا س کو بلوچستان لے جاتا ، گلشن اقبال پولیس نے بدنام منشیات فروش صدیق بلڈر کو گرفتار کرلیا ملزم کے قبضے ایک کلو 50ف گرام چرس برآمد ہوئی،فیروز آباد پولیس نے ایک ڈکیت گروہ کے 3 کارندوں کوگرفتار کرلیا،قائد آباد پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی و رہزنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث 2ملزمان ظاہر خان اور عبدالقادر کو گرفتارکرلیا۔ملیر سٹی پولیس نے غریب آباد سے منشیات فروشی میں ملوث4ملزمان عرفان علی، محمد لئیق، شاہ محمد اور حبیب اللہ کو گرفتار کرلیا۔سکھن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی گئی مختلف کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتارکرلیا،کورنگی انڈسٹریل ایریا پولیس نے ڈکیتی، رہزنی منشیات فروشی میں ملوث عادی جرائم پیشہ ملزمان رب نواز ، غلام شبیر،ہارون، ساجد اورمحمد آصف کو گرفتار کرلیا۔محمود آباد میں نوجوان پر بہیمانہ تشدد میںملوث ایک پولیس اہلکار کوگرفتار کرلیاگیا ، گارڈن ہیڈ کوارٹرز میںتعینات پولیس اہلکار نے اپنے ساتھیوں سمیت اسامہ نامی نوجوان کوتشدد کا نشانہ بنایا تھا۔ تشدد سے نوجوان کی حالت غیر ہوگئی اور اس کے چہرے سمیت پورا جسم بری طرح سوجھ گیا تھا۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کے لیے محمود آباد تھانے میں جانے کے باوجود پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا تھا تاہم واقعہ کی تصویریں اور وڈیو میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران بعض پولیس اہلکار بھی وڈیو میں دیکھے گئے جن میں سے ایک پولیس اہلکار حارث نیازی کو شناخت کے بعد تفتیشی پولیس نے گرفتار کر لیا ۔ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں تعینات حارث نیازی کی نشاندہی پر اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ سے ایک روز قبل تشدد کا شکار نوجوان اسامہ نے موٹر سائیکل کھڑی کرنے کے معاملے پر ایک دوسرے نوجوان پر تشدد کیا تھا۔ مذکورہ نوجوان نے علاقے کے غنڈہ عناصر کی مدد لی اور اگلے روز 4 اکتوبر کو ملزمان نے موقع پا کر اسامہ کو گھیر کر تشدد کیا تھا، پولیس واقعے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ایسٹ زون کراچی پولیس کی کارروائیاں،گزشتہ 24 گھنٹوں میں 82 ملزمان کوگرفتارکرلیا۔پکڑے جانے والوں میں 5 مفرور ملزمان بھی شامل ہیں۔ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے موٹر سائیکل لفٹر گروہ کے دو کارندے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے دو مسروقہ موٹر سائیکلیں برآمد کرلیں۔