ای یوپنس کسانوں کو غذائی پیداوار میں نمو حاصل کرنے کاطریقہ سکھائے گی

65

کراچی(پ ر)یورپی یونین سندھ میں جاری اپنے پروگرام برائے بہتر غذائیت(ای یو پنس ون ) کے ذریعے سندھ میں زراعت کے شعبہ سے جڑے مویشی بانوں، ماہی گیروں اور کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں سے موافق پیداواری طریقوں کے ذریعے غذائیت سے بھرپور خوراک کی مصنوعات پیدا کرنے کی آگہی دے گی۔ ای یو پنس کے سینئر ایڈوائزر جان کے او ڈیا نے لندن سے وڈیولنک پر محکمہ ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی اور ساحلی ترقی، حکومت سندھ کے کانفرنس روم میں محکمے کے سیکرٹری محمد اسلم غوری کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بتایا کہ یورپی یونین کے مذکورہ منصوبے کا مقصد تمام تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹتے ہوئے زرعی پیداوار اس طرح حاصل کرانا ہے کہ جس کی غذائیت میں بھی بہتری آئے اور پیداوار کے حجم میں بھی اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ کم غذائیت والی خوراک کے باعث صوبے کے45فیصد باشندوں کی مکمل گروتھ نہیںہوتی، تاہم یہ امر خوش آئند ہے کہ صوبائی حکومت نے مکمل مطلوبہ گروتھ نہ حاصل کرنے والے افراد کا تناسب کم کرنے کاعزم کیاہے۔