ایکاؤ کی جانب سے سی اے اے کا آڈٹ ملتوی، عالمی پابندیاں برقرار

498

مونٹریال: انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ایکاؤ) کی جانب سے نومبر میں پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آڈٹ آئندہ سال تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کے مطابق ایکاؤ کی جانب سے آڈٹ ملتوی ہونے کے بعد خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یورپی یونین ایئر سیفٹی ایجنسی، برطانیہ اور امریکہ کی جانب سے پی آئی اے پر عائد 6ماہ کی پابندی بھی آئندہ سال تک برقرار رہے گی۔

تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن  ترجمان نے اس حوالے سے بتایا کہ  کورونا وائرس کے باعث پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کا آڈٹ آئندہ سال جون تک ملتوی کیا گیا ہے جبکہ  حکام نے اس بات کی تصدیق کردی ہے اور  انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی جانب سے کیے جانے والا  آڈٹ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کی درخواست پر ہی ملتوی کیا گیا ہے تاہم اس میں ایکاؤ اور سول ایوی ایشن پاکستان کی باہمی رضا مندی شامل ہے۔

دوسری جانب  سول ایوی ایشن پاکستان حکام کا کہنا تھا کہ آڈٹ ملتوی ہونے کی وجہ کورونا وائرس ہے جبکہ عالمی وبا کے باعث ہمارے ہاں اور انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن میں بھی کئی کام سست روی کا شکار ہیں۔

واضح رہے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن (ایکاؤ) اقوام متحدہ کا خصوصی ادارہ ہے جس کا مقصد فضائی سفر کو محفوظ بنانا ہے اور کسی بھی ملک کے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے آڈٹ کا مقصد بین الاقوامی معیار کی ایوی ایشن پالیسی اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانا ہے جبکہ  پائلٹس کے لائسنس کے حوالے سے بھی بین الاقوامی معیار انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن نے طے کر رکھے ہیں۔