امریکی وزرائے خارجہ و دفاع کا دورہ بھارت اہم امور پر مذاکرات

512
نئی دہلی: بھارتی اور امریکی وزرائے خارجہ اور دفاع علاقائی وعالمی امور پر مذاکرات کررہے ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) چین اور خطے کے دیگر ممالک کے خلاف امریکا اور بھارت کا گٹھ جوڑ مسلسل مضبوط ہو رہا ہے۔ اسی سلسلے میں پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور وزیر دفاع مارک ایسپر بھارت کے 2 روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے امریکی ہم منصب مارک ایسپر سے پیر کے روز ملاقات کی۔ مارک ایسپر کو اس سے قبل ساؤتھ بلاک میں گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے امریکی ہم منصب کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو امریکی وزیر دفاع کی مہمان نوازی کرنے میں خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں تعاون بڑھانے کے لیے ہماری بات چیت کافی بامعنی رہی۔ آج کی ملاقات ہمارے دفاعی تعاون میں نیا جوش پیدا کرے گی۔ اس موقع پر بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت، آرمی چیف جنرل منوج مکند نرونے، ائر چیف مارشل آر کے ایس بھدوریہ اور بھارتی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل کرم بیر سنگھ بھی موجود تھے۔ بات چیت کے آغاز سے قبل بھارت میں امریکا کے سفیر کینتھ جسٹر نے بپن راوت اور ایڈمرل کرم بیر سنگھ کا خیر مقدم کیا۔ دوسری جانب وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بھارتی ہم منصب ایس جے شنکر سے ملاقات کی۔ آج منگل کے روز ہونے والے بین الوزارتی اجلاس میں باہمی، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت ہو گی۔ امریکی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان کے مطابق مذاکرات کے دوران 4 اہم امور پر بات چیت ہوگی، جن میں علاقائی سیکورٹی تعاون، دفاعی اطلاعات میں شراکت داری، دونوں ممالک کی افواج کے درمیان رابطے اور دفاعی تجارت سے متعلق امور شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی معاہدوں پر دستخط کی بھی توقع ہے۔