امریکی صدارتی انتخابات کیلیے امیدواروں کی مہم تیز

490

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا میں 3نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی مہم زور وں پر پہنچ گئی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 3 ریاستوں میں انتخابی ریلیوں سے خطاب کیا ، جب کہ ڈیمو کریٹک امیدوار جو بائیڈن نے ریاست پینسلوانیا میں سرگرمیاں جاری رکھیں۔ انتخابی ریلیوں سے خطاب کے دوران صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کو زیادہ موضوع بحث بنانے پر جو بائیڈن اور میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ ٹرمپ نے کہا کہ میڈیا بائیڈن اور ان کے بیٹے کے مبینہ کرپشن اسکینڈل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ریاست اوہائیو میں ریلی سے خطاب کے دوران صدر نے کہا کہ باقاعدہ سازش کے تحت بائیڈن کے خاندان کی کرپشن چھپانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ریاست شمالی کیرولائنا میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر زیادہ لوگوں کے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے تو کیس بھی زیادہ ہی سامنے آئیں گے۔ لیکن اگر اس عمل کو کم کردیا جائے تو کیس بھی آدھے رہ جائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا سے کورونا وائرس اب ختم ہو رہا ہے، لیکن جعلی میڈیا اب بھی بڑھا چڑھا کر خبریں پیش کررہا ہے اور یہ نہیں بتاتا کہ اموات بھی کم ہو رہی ہیں۔ ادھر ٹرمپ کے حریف جو بائیڈن نے ریاست پینسلوانیا کی کاؤنٹی لوزیرن میں ڈرائیو ان ریلی سے خطاب کیا۔ سابق نائب صدر کی ریلی میں گاڑیوں میں سوار حامی ان کے حق میں نعرہ بازی کرتے رہے۔