فلسطینی نوجوان کی بہیمانہ شہادت پر عالمی تحقیقات کامطالبہ

376

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 18سالہ فلسطینی عامر صنوبر کی شہادت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عالمی جرم قرار دے دیا۔ وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ صنوبر کی شہادت اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے شہری کاماورائے عدالت قتل ہے،جس کی عالمی سطح پر تحقیقات کی جانی چاہیے۔ ادھر حماس نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی فوج کی منظم ریاستی دہشت گردی کی تازہ مثال قرار دیا۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف فلسطینی مزاحمتی قوتوں کو جوابی کارروائی اور بدلہ لینے کا پورا حق حاصل ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز نابلس میں اسرائیلی فوجی نے نہتے فلسطینی لڑکے کو اس کی گاڑی سے اتارکر اس کی گردن پر بندوق کے بٹ مارے تھے، جس کے نتیجے میں وہ موقع ہی پر دم توڑ گیا تھا۔