چین: حکمراں جماعت کے اجلاس میں 5 سالہ منصوبہ بندی

313

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے رہنماؤں کا خصوصی اجلاس شروع ہوگیا، جس میں 5سال کی سیاسی و اقتصادی منصوبہ بندی کی جائے گی۔ کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس بند کمرے میں طلب کیا گیا ہے اور اس کی سربراہی صدر شی جن پنگ کررہے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اجلاس کے ایجنڈے میںکئی اہم امور شامل ہیں، جن کا تعلق معاشی، سائنسی اور معاشرتی معاملات سے ہے۔ اجلاس کے دوران پارٹی رہنما کورونا وبا کو کنٹرول کرنے پر جہاں توجہ مرکوز کریں گے اور 5 سالہ منصوبے میں معاشرتی، معاشی، سائنسی اور عسکری اہداف کا تعین بھی کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ چین میں 5سالہ منصوبہ بندی کا آغاز 1950ء سے شروع کیا گیا تھا۔ حکمران جماعت کی مرکزی کمیٹی کو تمام ملکی اداروں پر فوقیت حاصل ہے۔ جمعرات کے روز اجلاس کے اختتام پر کمیٹی فیصلوں کا اعلان کرے گی۔ گزشتہ روز اجلاس میں ایک خصوصی موضوع زیر بحث لایا گیا، جو وژن 2035ء سے متعلق ہے۔ یہ ایک طویل مدتی منصوبہ ہے، جو صدر شی جن پنگ کی ذاتی سوچ کا نتیجہ ہے۔ اجلاس کے دوران ملک کے اندر پیداواری صنعت میں تکنیکی اختراعات اور مصنوعات کی فراہمی کے سلسلے کو برقرار رکھنے پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی۔