فرانس کی ہٹ دھرمی دنیا کا امن تباہ کردیگی، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

198

لاہور (نمائندہ جسارت) عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے مرکزی رہنما مولانا عزیز الرحمن ثانی، مبلغ ختم نبوت مولانا عبدالنعیم، مولانا علیم الدین شاکر، پیر رضوان نفیس، مولانا جمیل الرحمن اختر، مولانا خالد محمود، مولانا حافظ محمد اشرف گجر نے فرانس کے گستاخانہ طرز عمل پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ فرانس کی ہٹ دھرمی دنیا کو بدامنی اور محاذ آرائی کی طرف لے جائے گی،
فرانس سرکاری طور پر کچھ انتہا پسند عناصر کی پشت پناہی کرکے غلط روایات کی بنیاد ڈال رہا ہے، بطور مسلمان ہمارے لیے آقا کریمؐ کی ناموس سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، تمام اسلامی ممالک بیک آواز اور متحد ہوکر مغربی ممالک کے ان مکروہ اور ناپاک عزائم کا مقابلہ کریں۔ علما کا کہنا تھا کہ فرانس میںایک مرتبہ پھر نبی اکرمؐ کے توہین آمیز خاکے شائع ہونا انتہائی قابل مذمت ہے، اسلام دشمن مغربی شرپسند عناصر اپنی تمام حدود عبور کرچکے ہیں، مسلم ممالک کے حکمران امریکا اور یورپ کی غلامی چھوڑ کر غیرت و حمیت کا مظاہرہ کریں، مسلم حکمران اس اقدام کیخلاف فرانس سے سفارتی تعلقات ختم کریں۔