آزادیٔ اظہار کی آڑ میں محمدؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں، بزدار

277

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کے بدترین اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خاتم النبین حضرت
محمدؐ کا احترام مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے اور آزادی اظہار کی آڑ میں نبی کریم ؐ کی شان میں گستاخی ہر گز برداشت نہیں کرسکتے، کیا اربوں مسلمانوں کی دل آزاری کر کے ہی آزادی اظہار کے تقاضے پورے ہوتے ہیں؟۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اہم اجلاس ہوا جس میں ریسکیو 1122 سروس کو مزید بہتر بنانے کیلیے متعدد اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ریٹائرمنٹ کی عمر 45سے بڑھا کر 50 سال کرنے، دوران تربیت ریسکیورز کو قواعد و ضوابط کے تحت تنخواہ و دیگر مراعات کی ادائیگی اور 3 ہزار 235 ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ دوسری جانب اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پی ڈی ایم دشمن کے ایجنڈے پر چل رہی ہے، اداروں کے خلاف مذموم عزائم رکھنے والوں کو منہ کی کھانا پڑے گی اور اداروں پر بلا جواز الزامات لگانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔ علاوہ ازیں اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں سردار عثمان بزدار نے کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم سیاہ کے موقع پر کشمیریوں کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ بھارت پر کشمیر میں آگ اور خون کا یہ کھیل فوری طور پر بند کرنے کیلیے دبائو ڈالے۔