پاک چین جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس، مختلف منصوبوں پر اتفاق

348

اسلام آباد (اے پی پی) ٹرانسپورٹ انفرا اسٹرکچر پر چین پاکستان اکنامک کوریڈور جوائنٹ ورکنگ گروپ کا آٹھواں اجلاس پشاور۔ ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے،
سوات ایکسپریس وے فیز۔ II اور دیر ایکسپریس وے منصوبوں پر اتفاق، اجلاس میں ML-1 پروجیکٹ، کراچی سرکلر ریلوے، پشاور سرکلر ریلوے اور کوئٹہ ماس ٹرانزٹ پروجیکٹ پر بھی بریفنگ دی گئی اور چترال، شندور، گلگت، نوکنڈی، ماشکیل، پنجگور اور میرپور، مظفر آباد، مانسہرہ منصوبوں پر غور و خوض کیا گیا۔ پیر کو وڈیو لنک کے ذریعے وزارت مواصلات میں منعقد اجلاس سے خطاب میں وفاقی سیکرٹری مواصلات ظفر حسن نے کہا کہ سی پیک دونوں دوست ممالک کی قیادتوں کے وژن کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے سوات ایکسپریس وے اور M-1 سے منسلک ہونے والی چترال۔چکدرہ موٹروے کو سی پیک کے مغربی روٹ میں شامل کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ حکومت گوادر۔ رتو ڈیرو موٹروے (M-8) کے باقی ماندہ منصوبوں کی بھی پلاننگ کر رہی ہے۔ انہوں نے اجلاس کو بامعنی اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے اسے مستقبل کیلیے خوش آئند قرار دیا۔ اجلاس میں چین کے نائب وزیر برائے ٹرانسپورٹ کے علاوہ چین کے انٹرنیشنل کوآپریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین سمیت دیگر متعلقین نے شرکت کی